ابھی غزہ میں جنگ بندی نہیں ہوئی، اسرائیل – World

اسرائیلی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ابھی غزہ میں کوئی جنگ بندی نہیں ہوئی ہے، کچھ جگہوں پرعارضی بمباری روکی ہے۔ ہمارے مذاکرات کار آج رات مصر روانہ ہوں گے۔

اسرائیلی حکومت نے واضح کیا ہے کہ غزہ میں کوئی باقاعدہ جنگ بندی نافذ نہیں کی گئی، بلکہ صرف کچھ مخصوص علاقوں میں بمباری کا عارضی روکی ہے۔ اسرائیلی حکومت کی ترجمان شوش بیڈروسیان نے اتوار کے روز کہا کہ فوج کو دفاعی مقاصد کے لیے کارروائی جاری رکھنے کی مکمل اجازت ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حماس نے جمعے کو امریکی امن منصوبے کے چند اہم نکات کو تسلیم کیا، جن میں جنگ کا خاتمہ، اسرائیلی افواج کی واپسی، اور قیدیوں کا تبادلہ شامل ہیں۔ تاہم، حماس نے بعض نکات پر مزید مذاکرات کی ضرورت ظاہر کی ہے، خاص طور پر غیر مسلح ہونے کے اسرائیلی مطالبے پر کوئی واضح مؤقف پیش نہیں کیا گیا۔

ایک سینئر حماس رہنما نے اے ایف پی کو بتایا کہ ”حماس جنگ کے خاتمے اور قیدیوں کے تبادلے کے فوری آغاز کی خواہاں ہے۔“

حماس کے قریبی ذرائع کے مطابق، تنظیم نے ثالثی کرنے والے ممالک سے کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ شہر سے مکمل فوجی انخلا، فضائی حملے اور ڈرون سرگرمیاں فوری بند کرنی چاہیے۔ اس کے جواب میں، مزاحمتی گروہ بھی تمام فوجی سرگرمیاں روکنے کو تیار ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے ہفتے کے روز کہا کہ انہوں نے اپنے نمائندوں کو مصر روانہ کرنے کی ہدایت دے دی ہے تاکہ قیدیوں کے تبادلے سے متعلق تکنیکی تفصیلات کو حتمی شکل دی جا سکے۔ مصری حکومت نے تصدیق کی ہے کہ وہ اتوار اور پیر کو حماس کے نمائندوں کی بھی میزبانی کرے گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی عمل کو تیز کرنے کے لیے اپنے داماد جیرڈ کشنر اور مشرقِ وسطیٰ کے نمائندے اسٹیو وِٹکوف کو مصر بھیجا ہے۔ ٹرمپ کا واضح پیغام: ”تاخیر برداشت نہیں ہوگی۔“



ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ٹروتھ سوشل“ پر ایک بیان میں کہا ”جب حماس تصدیق کرے گی، جنگ بندی فوری طور پر نافذ ہوگی، قیدیوں کا تبادلہ شروع ہو جائے گا، اور ہم اگلے مرحلے کے انخلا کی تیاری کریں گے۔“

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حماس نے وقت ضائع کیا تو ”تمام شرائط دوبارہ زیرِ غور آئیں گی۔“

ٹرمپ کے امن منصوبے کے مطابق، اسرائیل 250 ایسے فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا جنہیں عمر قید ہوئی ہے، جبکہ 1,700 سے زائد افراد کو بھی رہا کیا جائے گا جنہیں 7 اکتوبر 2023 کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

ادھر اسرائیلی فضائی حملے اتوار کو بھی جاری رہے، اے ایف پی کی فوٹیج میں غزہ شہر پر بمباری کے بعد دھواں اٹھتے دیکھا گیا۔ حماس کے زیرانتظام غزہ سول ڈیفنس کے مطابق، اتوار کی صبح کے حملوں میں کم از کم 5 شہری جاں بحق ہوئے، جبکہ ہفتے کے دن کی بمباری میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جن میں 40 صرف غزہ شہر میں مارے گئے۔

اسرائیلی وزیر دفاع یؤآو گیلنٹ نے کہا کہ ”غزہ میں ملٹری آپریشن، عمارتوں کی تباہی اور فوج کی پیش قدمی نے 9 لاکھ سے زائد افراد کو جنوب کی طرف نقل مکانی پر مجبور کر دیا ہے۔“


Source link

Check Also

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا محفوظ فیصلہ جاری – Pakistan

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا محفوظ فیصلہ جاری – Pakistan

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *