اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کا تبادلہ پیر سے شروع ہوگا، وائٹ ہاؤس – World

وائٹ ہاؤس کے سینئر حکام نے تصدیق کی ہے کہ غزہ میں قید اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی پیر سے شروع ہوگا، جو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا حصہ ہے۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق، امریکی انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران یرغمالیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

اس پیش رفت کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے کا پہلا عملی مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے، جس پر مصر کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد فریقین نے دستخط کیے ہیں۔

حماس کے قبضے میں اس وقت 48 اسرائیلی یرغمالی ہیں، جن میں سے صرف 20 کے زندہ ہونے کا امکان ہے، جبکہ 28 یرغمالیوں کی لاشیں بھی حماس کے پاس موجود ہیں، جنہیں معاہدے کے تحت اسرائیل کے حوالے کیا جائے گا۔



جواباً اسرائیل تقریباً 2 ہزار فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا، جن میں عمر قید کی سزا پانے والے متعدد اہم حماس رہنما بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق، حماس نے جن اہم قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، ان میں عبداللہ برغوثی، مروان برغوثی، حسن سلامہ، احمد سعدات، ابراہیم حامد اور عباس السید کے نام شامل ہیں۔

تاہم اسرائیل نے مروان برغوثی کی رہائی سے انکار کر دیا ہے جبکہ یحییٰ سنوار اور محمد سنوار کی لاشوں کی حوالگی بھی مسترد کر دی ہے۔

معاہدے کے پہلے مرحلے کے تحت غزہ میں چند روزہ عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس دوران انسانی امداد کے ٹرکوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع ہوگا۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل پر بڑا حملہ کیا تھا، جس میں 1,500 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور 251 افراد کو یرغمال بنا کر غزہ منتقل کیا گیا تھا۔ ان میں 32 بچے، 48 خواتین، 150 مرد اور 20 فوجی اہلکار شامل تھے۔

نومبر 2023 میں ہونے والی پہلی جنگ بندی کے دوران حماس نے 105 یرغمالی رہا کیے تھے، جن میں خواتین، بچے اور غیر ملکی شامل تھے۔ بعد ازاں دسمبر سے فروری 2024 کے دوران مزید 25 افراد کو رہا کیا گیا۔

جنوری سے اپریل 2025 کے دوران خفیہ مذاکرات کے نتیجے میں مزید 15 یرغمالی رہا کیے گئے، جبکہ اسرائیلی حملوں میں 18 یرغمالیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی۔

اس وقت حماس کے پاس 20 زندہ یرغمالی اور 28 لاشیں موجود ہیں، جن کی واپسی معاہدے کے تحت رواں ہفتے متوقع ہے۔ علاوہ ازیں، 2014 میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجی ہدار گولڈن کی باقیات بھی حماس کے قبضے سے واپس کی جائیں گی۔


Source link

Check Also

پی آئی اے اور بنگلہ دیشی ایئرلائن کے درمیان تاریخی کارگو معاہدہ طے – Pakistan

پی آئی اے اور بنگلہ دیشی ایئرلائن کے درمیان تاریخی کارگو معاہدہ طے – Pakistan

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے بنگلہ دیش کی بمان ایئر لائن کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *