عالمی شہرت یافتہ ہسپانوی گلوکار اینریکے اِگلیسیئس کے ممبئی میں ہونے والے شاندار کانسرٹ کے دوران خوشیوں کی فضا اس وقت افسردگی میں بدل گئی جب تقریباً 80 سے زائد موبائل فون چوری ہو گئے، جن کی مالیت تقریباً 24 لاکھ بھارتی روپے( تقریبا 76 لاکھ پاکستانی روپے) بتائی جا رہی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی شب باندرہ کرلا کمپلیکس کے ایم ایم آر ڈی اے گراؤنڈ میں پیش آیا، جہاں تقریباً 25 ہزار مداح اینریکے کی پرفارمنس دیکھنے کے لیے جمع تھے۔
امیتابھ بچن کو دھمکیاں موصول، دِلجیت دوسانجھ سے ملاقات مہنگی پڑگئی
پولیس کے مطابق جیسے ہی لائیو پرفارمنس شروع ہوئی، اسٹیڈیم میں روشنی مدھم کی گئی تاکہ اسٹیج افیکٹس نمایاں ہوں۔ اسی لمحے چوروں نے موقع غنیمت جانا اور بھیڑ میں گھس کر موبائل فون اڑانے شروع کر دیے۔
کانسرٹ ختم ہونے پر درجنوں افراد نے شکایت درج کرائی کہ ان کے فون غائب ہو چکے ہیں۔
ایک متاثرہ خاتون نے بتایا، ”میں ویڈیو ریکارڈ کر رہی تھی، اگلے ہی لمحے فون ہاتھ سے غائب تھا۔ روشنی اتنی کم تھی کہ کسی کو کچھ سمجھ نہیں آیا۔“
بی کے سی پولیس اسٹیشن میں اب تک سات الگ الگ ایف آئی آرز درج ہو چکی ہیں۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا، ’ہمیں درجنوں شکایات موصول ہو چکی ہیں۔ چوری کے واقعات کی تفتیش کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور ڈیجیٹل ٹریکنگ کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ کچھ مشتبہ افراد کی شناخت پر کام جاری ہے۔‘
پولیس نے بتایا کہ وہ ٹیلی کام کمپنیوں سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ چوری شدہ فونز کا می نمبر ٹریس کیا جا سکے۔
یہ کانسرٹ اینریکے اِگلیسیئس کی ممبئی میں پہلی لائیو پرفارمنس تھی، جس میں ودیا بالن، ملائکہ اروڑا، می یانگ چانگ اور راہل ودیا سمیت متعدد بالی وُڈ شخصیات شریک تھیں۔
کانسرٹ کا دوسرا دن ہفتے کو طے ہے، تاہم چوری کے واقعات کے بعد سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
پولیس نے منتظمین کو ہدایت دی ہے کہ اگلے شو میں زیادہ لائٹس، زیادہ اسکرینز اور الگ زونز میں تعینات گارڈز رکھے جائیں۔
پولیس ذرائع نے عندیہ دیا ہے کہ اگر منتظمین کی لاپرواہی ثابت ہوئی تو فوجداری کارروائی کی جا سکتی ہے۔
Source link
The Republic News News for Everyone | News Aggregator