پاکستان نے 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 270 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
فیصل آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا، جنوبی افریقی بولرز نے پاکستانی ٹاپ آرڈر بلے بازوں کے پرخچے اڑا دیے اور ابتدائی 3 وکٹیں 22 رنز پر گرگئیں، جس سے مڈل آرڈر پر آنے والے بیٹرز پر پریشر بڑھ گیا۔ اوپنر فخر زمان صفر پر آؤٹ ہوگئے جب کہ بابر اعظم 11 اور محمد رضوان 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
3 وکٹیں گرنے کے بعد سلمان علی آغا اور صائم ایوب نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور 92 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکالا۔ دونوں بیٹرز نے نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم پھر 114 کے اسکور پر صائم ایوب 53 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی 131 پر 5 وکٹ گرنے کے بعد ایک بار پھر پاکستان ٹیم پریشر میں نظر آئی جب حسین طلعت 10 کے اسکور پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔
اس کے بعد محمد نواز کی سلمان آغا کے ساتھ 59 اور فہیم اشرف کے ساتھ 43 رنز کی پارٹنر شپ نے قومی ٹیم کو دوبارہ مستحکم پوزیشن پر لا کھڑا کیا۔
سلمان آغا نے 82 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی اور 69 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ اختتامی اوورز میں محمد نواز اور فہیم اشرف نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی محمد نواز نے 59 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس کے علاوہ فہیم اشرف 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی صرف ایک رن بنا کر پویلین واپس لوٹے۔ محمد وسیم جونیئر 12 اور نسیم شاہ 6 رنز بنا کر وکٹ پر موجود رہے۔
پاکستان نے آخری 10 اوورز میں 90 رنز بنائے اور یوں مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز اسکور کیے اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 270 رنز کا ہدف دیا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ناندرے برگرنے نے 4 اور پیٹر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کوربن بوش کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا دوسرے ون ڈے فیصل آباد کے اقبال کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جہاں کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے۔
میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ابتداء میں وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہوگی اس لیے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
جنوبی افریقا کے کپتان میتھیو بریٹزکے نے کہا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، کوشش کریں گے پاکستان کوکم رنز پر روکیں۔
پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، حسن نواز اور ابرار احمد کو ڈراپ کرکے فہیم اشرف اور وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقا کی ٹیم میں بھی 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، نگابا پیٹر اور ناندرے برگر کو لیزاڈ ولیمز اور لنگی انگیدی کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔
دوسرے ون ڈے کے لیے پاکستان اسکواڈ شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، محمد وسیم اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے۔
جنوبی افریقا کی ٹیم لہوان ڈری پریٹوریئس، کوئنٹن ڈی کوک، ٹونی ڈی زورزی، میتھیو بریٹزکے، سنتھیمبا کیشیلے، دونوان فریرا، جیورج لنڈے، کوربن بوش، جون فورچیون، نگابا پیٹر اور ناندرے برگر پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو 3 میچزکی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے، پاکستان نے سیریز کا پہلا ون ڈے 2 وکٹوں سے جیتا تھا۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 8 نومبر کو اقبال اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
Source link
The Republic News News for Everyone | News Aggregator