دوسرے ون ڈے میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان نے سیریز اپنے نام کرلی – Sports

دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا نے 8 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان نے 289 رنز کا ہدف 48.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پورا کرلیا۔

سری لنکا کی جانب سے اننگ کا آغاز پاتھم نسانکا اور کمیل مشارا نے کیا اور دونوں اوپنرز نے 51 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، اس موقع پر نسیم شاہ کی تھرو پر محمد رضوان نے تیزی سے بیلز اڑا کر پاتھم نسانکا 24 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔

سری لنکا کو دوسرا نقصان 62 کے اسکور پر اٹھانا پڑا جب کامل مشارا کو محمد رضوان نے ابرار احمد کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ کیا۔ انہوں نے 27 رنز بنائے۔

اس کے بعد سری لنکا کی تیسری وکٹ 90 اور چوتھی وکٹ 98 کے اسکور پر گری، مسٹری اسپنر ابرار احمد نے اوپر تلے وکٹ کیپر بیٹر کوشل مینڈس کو 20 اور کپتان چریتھ اسالنکا کو 6 رنز پر پویلین بھیج کر سری لنکا کے بڑھتے قدم روکے۔

مہمان ٹیم کی 98 پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد سدیرا سمارا وکراما اور جانتھ لیاناگے نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور محتاط اندز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 61 رنز شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 159 تک پہنچایا تو حارث رؤف نے پاکستان ٹیم کے لیے خطرہ بننے والے سدیرا سمارا وکراما کو 42 رنز پر بولڈ کردیا۔

اس کے بعد کامندو مینڈس نے جانتھ لیاناگے کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ پر 73 رنز کی شراکت داری بنای اور ٹیم کا اسکور 232 تک پہنچایا تو حارث رؤف نے کامنڈومینڈس کو بھی 44 رنز بنانے کے بعد صائم ایوب کی مدد سے پویلین کا راستہ دکھایا۔


اس موقع پر نصف سنچری مکمل کرنے والے جنتھ لیانگا کو وسیم جونیئر نے 54 رنز پر آؤٹ کیا تو اگلے ہی اوور میں حارث رؤف نے دشمانتھا چمیرا کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے تیسری وکٹ اپنے نام کی۔

سری لنکا کی 244 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد ونندو ہسارنگا اور پرامود مدھوشن نے نویں وکٹ کے لیے ناقابل شکست 44 رنز جوڑ ے اور ٹیم کو ایک اچھے ٹوٹل تک پہنچادیا۔

گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے ونندو ہسارنگا نے اس بار 26 گیندوں پر 37 رنز بنائے اور پرامود مدھوشن نے 11 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ان کا ساتھ دیا۔

اس طرح سری لنکن ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 289 رنز کا ہدف دے دیا۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور حارث نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3,3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور وسیم جونیئر نے ایک وکٹ اپنے نام کیجب کہ ایک سری لنکن بیٹر رن آوٹ ہوا۔

سری لنکا کے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر صائم ایوب اور فخر زمان نے ٹیم کو 77 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا تاہم صائم ایوب 33 رنز بنا کر دشمانتھا چمیرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد آنے والے بلے باز بابراعظم نے فخر زمان کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور بورڈ آگے بڑھایا اور ٹیم کا اسکور 177 تک پہنچایا، اس دوران دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ 177 کے اسکور پر فخر زمان 93گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان نے تیسری وکٹ کے لیے 122 رنز کی شراکت قائم کی۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے 83 اننگز اور 807 دن کے لمبے وقفے کے بعد نہ صرف سنچری اسکور کی بلکہ پاکستان کو جیت دلانے میں اہم کردار بھی ادا کیا۔ بابراعظم نے 119 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 8 چوکے بھی شامل ہیں۔

بابر اعظم ون ڈے میں سب سے زیادہ 20 سنچریاں بنانے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔انہوں نے سعید انور کا ون ڈے میں 20 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کردیا۔

اس کے علاوہ محمد رضوان 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے دشمنتھا چمیرا نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔

اس طرح پاکستان نے 289 رنز کا ہدف باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف 48.2 اوورز میں حاصل کرکے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقا کے بعد سری لنکا کے خلاف بھی ون ڈے سیریز اپنے نام کرلی۔ بابر اعظم شاندار سینچری پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

جمعے کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جس میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

آج کے میچ میں کپتانی شاہین شاہ آفریدی کی جگہ سلمان علی آغا کررہے ہیں، شاہین کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے وہ آج پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں۔

دوسرے ون ڈے کے لیے پاکستانی پلیئنگ الیون میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ ابرار احمد اور وسیم جونیئر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

سلمان علی آغا نے ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کے دوران بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی کی طبعیت ٹھیک نہیں، آج میچ میں کپتانی میں کروں گا، شاہین آفریدی آج کا میچ نہیں کھیل رہے۔

میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، حسین طلعت، محمد نواز، محمد وسیم، حارث رؤف، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔

سری لنکا کی جانب سے پاتھم نسانکا، کامل مشارا، کوشل مینڈس، سدیرا سماراوکرما، چریتھ اسالنکا (کپتان)، جانتھ لیاناگے، کامندو مینڈس، ونندو ہسارنگا، پرامود مدھوشن، دشمانتھا چمیرا اور اسیتھا فرنینڈو میدان میں اترے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ قومی ٹیم کے لیے دوسری مسلسل ون ڈے سیریز اپنے نام کرنے کا اہم موقع ہے، جو گزشتہ 48 گھنٹوں کی غیر یقینی صورت حال کے بعد ہو رہا ہے، ایسی صورت حال جس نے کرکٹ مقابلے کو پس منظر میں دھکیل دیا تھا۔

میچ دراصل جمعرات کو ہونا تھا مگر منگل کو اسلام آباد میں دہشت گردانہ حملے کے باعث سری لنکن کیمپ میں تشویش پیدا ہوئی اور شیڈول متاثر ہوا۔

رپورٹس کے مطابق کچھ سری لنکن کھلاڑی ٹور چھوڑنے پر غور کر رہے تھے، تاہم پاکستان کے وزیر داخلہ اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے سیکیورٹی حکام کے ساتھ طویل ملاقاتوں کے دوران سری لنکن وفد کو مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔

بدھ کی رات صورت حال بہتر ہوئی اور سری لنکا کرکٹ بورڈ نے سیریز جاری رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔ چند کھلاڑیوں کے وطن واپس جانے اور ان کی جگہ نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کی افواہوں کو سری لنکن ٹیم کے منیجر نے فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ دورہ کرنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

اس یقین دہانی کے بعد مہمان ٹیم راولپنڈی میں مکمل قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی تاکہ پہلے میچ میں معمولی مارجن سے شکست کے بعد سیریز برابر کی جا سکے۔

یاد رہے کہ پہلے ون ڈے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔


Source link

Check Also

Emirates set to operate world’s largest Starlink-enabled international wide-body fleet

Emirates set to operate world’s largest Starlink-enabled international wide-body fleet

Emirates set to operate world’s largest Starlink-enabled international wide-body fleet Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *