جنوبی افریقہ کے اسپنر کیشف مہاراج نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔ مہاراج نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے میزبان ٹیم کو 333 رنز پر ڈھیر کردیا۔
دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے 259 رنز، پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تھی، مگر جنوبی افریقی اسپنر مہاراج نے اپنی گھومتی گیندوں سے پاکستانی بلے بازوں کو مشکل میں ڈال دیا۔ انہوں نے صرف 102 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر میں بارہواں موقع ہے جب انہوں نے ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زائد کھلاڑی آؤٹ کیے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود نے 87 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ اسکور کیا۔ انہوں نے تحمل اور مہارت کے ساتھ بلے بازی کی، مگر دوسرے اینڈ سے کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر ان کا ساتھ نہ دے سکا۔
ابتدائی طور پر پاکستان نے 316 رنز تک پہنچ کر مستحکم پوزیشن حاصل کر لی تھی، مگر مہاراج نے اس وقت بازی پلٹ دی جب انہوں نے آغا سلمان کو 45 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ آغا سلمان نے سعود شکیل کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 70 رنز کی شراکت قائم کی۔
سعود شکیل نے بھی ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی دسویں نصف سنچری مکمل کی، مگر مہاراج نے انہیں 66 رنز پر سلپ میں کیچ آؤٹ کروا دیا۔ اسی کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور آخری پانچ وکٹیں صرف 17 رنز کے اضافے پر گر گئیں۔
مہاراج نے شاہین شاہ آفریدی کو صفر پر بولڈ کیا، جبکہ ساجد خان (5) اور آصف آفریدی (4) کو آؤٹ کر کے اننگز کا خاتمہ کیا۔
جوابی اننگز میں جنوبی افریقہ نے بغیر کسی نقصان کے 9 رنز بنا لیے ہیں۔ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر جنوبی افریقہ کی پوزیشن مستحکم دکھائی دے رہی ہے، جبکہ پاکستان سیریز میں برتری حاصل کرنے کے لیے میدان میں ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے لاہور میں پہلا ٹیسٹ 93 رنز سے جیتا تھا اور دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کا عزم رکھتا ہے۔
Source link