عمران خان پی ٹی آئی کے 27 ستمبر جلسے سے ناخوش، پارٹی کو پیغام بھجوا دیا – Pakistan

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے وکیل اور پارٹی جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ عمران خان نے 27 ستمبر کو ہونے والے جلسے کے انتظامات پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے پارٹی کو اہم ہدایات بھی دی ہیں۔

27 ستمبر کو پی ٹی آئی کی جانب سے پشاور رنگ روڈ پر 10 ماہ بعد کروڑوں روپے کی لاگت سے ایک جلسہ منعقد کیا گیا تھا۔ تاہم، جلسے کے مقام اور انتظامات پر کارکنان کی جانب سے تنقید سامنے آئی تھی۔

پی ٹی آئی کے حامیوں نے بھی جلسے میں ہونے والی بدانتظامی اور کارکنان پر تشدد کی مذمت کی تھی۔

اس حوالے سے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح طور پر کہا ہے کہ جلسے کے انتظامات بہتر ہوسکتے تھے، انہیں جلسہ گاہ میں مٹی اڑنے اور دیگر مسائل کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

سلمان اکرم راجہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی عہدیداروں کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوں گی،عوام کے ساتھ چلنا ہے یا پیچھے رہنا ہے؟

انہوں نے کہا کہ جلسے کی جگہ کے تعین پر بھی بانی پی ٹی آئی نے بات کی ہے اور اس حوالے سے خدشات ظاہر کیے ہیں۔ جوتے دکھانے کے واقعے پر بانی پی ٹی آئی کا مؤقف تھا کہ ہمیں عوام کو ساتھ لے کر چلنا ہے اور کسی صورت محاذ آرائی کا راستہ اختیار نہیں کرنا۔

سلمان اکرم راجہ نے میڈیا کے ایک سوال پر کہا کہ علیمہ خان براہ راست پارٹی امور میں دخل اندازی نہیں کرتیں بلکہ صرف بانی پی ٹی آئی کا پیغام عوام تک پہنچاتی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی واضح ہدایت ہے کہ پارٹی عہدیدار اور رہنما ہی پارٹی چلائیں گے۔



انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا بیانیہ ریاست دوست ہے، کیونکہ آئین اور قانون کی بالادستی کی بات ریاست مخالف بیانیہ نہیں ہوتا۔

ایک صحافی کے سوال پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مجھے سمجھ آرہی ہے آپ کس ریاست مخالف ٹویٹ کی بات کر رہے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ آئینی راستے کی بات کرتے ہیں۔

گنڈا پور سے ملاقات کے سوال پر سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے بہتر جواب خود گنڈا پور ہی دے سکتے ہیں۔

نو مئی کے مقدمات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مقدمات بانی پی ٹی آئی پر واٹس ایپ کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں، جو ان کے آئینی اور قانونی حقوق کی نفی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے اس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واٹس ایپ ٹرائل کو ہائی کورٹ میں مؤثر انداز میں اٹھایا جائے۔

سلمان اکرم راجہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نو مئی کے ٹرائل میں نہ اپنے وکلاء سے براہ راست بات کرسکتے ہیں اور نہ ہی گواہوں کو دیکھ سکتے ہیں۔ جی ایچ کیو حملہ کیس میں ان کے سامنے صرف ایک فون رکھ دیا جاتا ہے اور اس فون کے ذریعے سماعت شروع کر دی جاتی ہے، جو کہ انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔


Source link

Check Also

نیتن یاہو نے میرے 20 نکاتی غزہ امن منصوبے پر اتفاق کرلیا، صدر ٹرمپ – World

نیتن یاہو نے میرے 20 نکاتی غزہ امن منصوبے پر اتفاق کرلیا، صدر ٹرمپ – World

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *