مدارس اور مساجد کی خودمختاری برقرار رہے گی، وزیر داخلہ کی علمائے کرام کو یقین دہانی – Pakistan


وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے مفتی منیب الرحمن اور سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری سے کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ماضی قریب میں رونما ہونے والے واقعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ شرکا نے اتفاق کیا کہ بہت جلد اسلام آباد میں ایک تفصیلی نشست کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ تمام امور پر جامع مشاورت ہو سکے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں مفتی منیب الرحمن کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی، جس میں ممتاز علمائے اہلِ سنت بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور سینئر وزیر شرجیل میمن بھی موجود تھے۔

ملاقات میں ماضی قریب میں رونما ہونے والے واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علمائے کرام نے مختلف مذہبی و سماجی امور پر اپنا مؤقف پیش کیا، جبکہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ مدارس و مساجد کے معاملات میں حکومت کوئی مداخلت نہیں کرے گی اور فریقین کے درمیان رابطے کے لیے ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا جو ہر وقت دستیاب رہے گا۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ بہت جلد اسلام آباد میں ایک تفصیلی نشست کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ تمام امور پر جامع بات چیت ہو سکے۔

اجلاس میں مفتی رفیع الرحمن نورانی، علامہ مظفر شاہ، علامہ لیاقت حسین اظہری، مفتی عابد مبارک، علامہ ریحان اظہر نعمانی، علامہ احمد ربانی اور علامہ اشرف گورمانی بھی شریک تھے۔

بعدازاں سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے محسن نقوی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیرِ داخلہ کو سنجیدہ نوعیت کے سیکیورٹی تھریٹ ہیں، اسی لیے ملاقات کے مقام یا وقت میں تبدیلی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریدکے واقعے پر ہم نے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی، کیونکہ حالات کی سنگینی سب پر واضح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “اگر وزیرِ داخلہ محفوظ نہیں تو باقی لوگوں کی سلامتی کیسے یقینی بنائی جا سکتی ہے؟”

ثروت قادری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ امن و بھائی چارے کا پیغام دیا ہے اور چاہتے ہیں کہ تمام معاملات آئین و قانون کے مطابق حل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کے کارکنان کو صبر اور نظم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ ہم اہلسنت کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔


Source link

Check Also

پاکستان اورافغانستان سرحد کھولنے پر متفق: طورخم سرحد 10 روزہ بندش کے بعد آج کھلنے کا امکان – Pakistan

پاکستان اورافغانستان سرحد کھولنے پر متفق: طورخم سرحد 10 روزہ بندش کے بعد آج کھلنے کا امکان – Pakistan

ضلع خیبر میں پاک افغان کشیدگی کے باعث 10 روز سے بند طورخم تجارتی گزرگاہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *