پاکستانی مچھیرا بھارتی خفیہ ایجنسی کا آلۂ کار بننے پر گرفتار – Pakistan

اسلام آباد میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایک اہم پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے ایک پاکستانی مچھیرے اعجاز ملاح کو پیسوں کا لالچ دے کر اپنے لیے جاسوسی پر آمادہ کیا۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ ”آپریشن سندور“ کی ناکامی کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف جھوٹی معلومات پھیلانے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔ اسی سلسلے میں اعجاز ملاح کو بھارتی انٹیلی جنس نے گرفتار کیا، اسے کچھ مخصوص ٹاسک دیے گئے اور پھر واپس پاکستان بھیج دیا گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب پاکستان کے اداروں کو اطلاع ملی کہ اعجاز ملاح آرمی، نیوی اور رینجرز کی وردیاں خریدنے کی کوشش کر رہا ہے، تو اس پر کڑی نگرانی کی گئی۔ بعد میں اعجاز ملاح کو حراست میں لے لیا گیا اور دورانِ تفتیش اس نے تمام حقائق خود تسلیم کر لیے۔

عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران اعجاز ملاح کا اعترافی ویڈیو بیان بھی میڈیا کو دکھایا، جس میں وہ بتاتا ہے کہ وہ مچھلی پکڑنے سمندر میں گیا تو بھارتی کوسٹ گارڈ نے اسے پکڑ لیا۔ وہاں بھارتی خفیہ اہلکاروں نے اسے پیسے کا لالچ دے کر کہا کہ پاکستان جا کر آرمی، نیوی اور رینجرز کی وردیاں، زونگ کی سم کارڈز، پاکستانی سگریٹ اور کرنسی لانا۔ ان کے مطابق، یہ سب مواد بھارت کو ”انفارمیشن آپریشن“ کے لیے درکار تھا۔



اعجاز ملاح کے بیان کے مطابق، اس نے بھارتی خفیہ افسر کی کچھ تصاویر بھیجیں اور دوبارہ سمندر میں جانے پر پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیوں نے اسے گرفتار کر لیا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ ”یہ بھارت کا نیا پروپیگنڈا آپریشن ہے جو مکمل طور پر ایکسپوز ہو چکا ہے۔ پاکستان کے میڈیا اور اداروں نے اس جنگ میں سچائی کی فتح حاصل کی ہے۔“

انہوں نے بتایا کہ اعجاز ملاح کو ستمبر میں بھارتی کوسٹ گارڈ نے پکڑا اور اسے پچانوے ہزار روپے دینے کے ثبوت بھی موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی خفیہ ادارے پاکستان کے خلاف مسلسل نفسیاتی اور معلوماتی جنگ چھیڑے ہوئے ہیں، لیکن پاکستان کے ادارے پوری طرح چوکس ہیں اور ایسے تمام منصوبے ناکام بناتے رہیں گے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت پاکستان کی ”معرکہ حق“ میں کامیابی ہضم نہیں کر پا رہا، اسی لیے جھوٹے الزامات اور مچھیروں جیسے کمزور طبقے کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، مگر پاکستان کے ادارے ہر سطح پر دشمن کے عزائم کو ناکام بنائیں گے۔


Source link

Check Also

تیسرا ٹی ٹونٹی: پاکستان کا جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ – Sports

تیسرا ٹی ٹونٹی: پاکستان کا جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ – Sports

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *