دبئی میں ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے پاک بھارت ٹاکرے میں امپائر بے ایمانی پر اتر آئے، قومی اوپنر فخر زمان سری لنکا سے تعلق رکھنے والے تھرڈ امپائرکے متنازع فیصلے کی بھینٹ چڑھ گئے۔ بھارتی گیند باز ہاردک پانڈیا کی گیند پر وکٹ کیپر نے کیچ لیا، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے بال زمین سے لگ کر گلوز میں گئی۔
دبئی میں کھیلے جارہے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 میں پاک بھارت میچ کے دوران پاکستانی اوپنر فخر زمان کو آؤٹ دیے جانے کے فیصلے پر سوالات اٹھنے لگے۔
اوپنر فخر زمان 15 رنز بنا کر 21 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ ہاردک پانڈیا نے لی۔ فخر زمان کو آؤٹ دینے پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی اور صارفین نے فیصلے کو متنازع قرار دے دیا۔
ہاردک پانڈیا کی گیند پر فخر زمان کے آؤٹ ہونے کا فیصلہ فیلڈ امپائرز نے تھرڈ امپائر کو بھیجا، ایکشن ری پلے دیکھنے پر یہ واضح نظر آیا کہ گیند زمین پر لگنے کے بعد وکٹ کیپر کے ہاتھ میں آئی تاہم تھرڈ امپائر نے فخر زمان کو آؤٹ قرار دیا۔
تھرڈ امپائر کے اس فیصلے پر فخر زمان نے بھی حیرت کا اظہار کیا جب کہ کمنٹیٹرز بھی اس فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے رہے۔
فخر زمان بھی معنی خیز انداز میں مسکراتے ہوئے گراؤنڈ سے باہر گئے۔ کمنٹیٹر وقاریونس نے حیرانی کے ساتھ فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں نے بھی فخر زمان کے حق میں رائے دیتے ہوئے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا۔ فاسٹ بولر محمد عامر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ فخر زمان آؤٹ نہیں تھے۔
سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ پاکستان کو ٹیم انڈیا اور آن فیلڈ امپائرز سے مقابلے کے لیے بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔
ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے فواد عالم نے لکھا کہ ایسا لگتا ہے ہم 11 کے بجائے 14 کھلاڑیوں کے خلاف کھیل رہے ہیں، فخر زمان واضح طور پر ناٹ آؤٹ تھے۔
Source link