اسلام آباد میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنانے کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پیر کو حتمی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک تھے۔
اجلاس میں حکومت کی تبدیلی اور نئی حکومت کی تشکیل سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
پارٹی رہنما چوہدری یاسین نے اجلاس کے بعد بتایا کہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی حکمتِ عملی کا اعلان چیئرمین بلاول بھٹو پیر کے روز کریں گے جبکہ جاوید ایوب نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی ذمہ داریوں سے لاتعلق نہیں رہ سکتی۔
اجلاس میں فریال تالپور، راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، لطیف اکبر، جاوید ایوب، رفیق نئیر، بازل نقوی، جاوید بڈھانوی، فیصل راٹھور، نبیلہ ایوب اور سردار حاجی یعقوب شریک ہوئے۔
پارٹی قیادت نے آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کے طرزِ عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور متبادل سیاسی بندوبست کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں ہوا، جس کے بعد قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ تمام رہنماؤں نے اپنی آرا سے قیادت کو آگاہ کیا اور ان ہاؤس تبدیلی کے حوالے سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔
قمر زمان کائرہ کے مطابق نئے وزیرِاعظم کے نام پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم پارٹی کے پاس مطلوبہ ووٹ مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حتمی فیصلہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت آئندہ اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔
Source link
The Republic News News for Everyone | News Aggregator