کراچی کے تاریخی کینٹ اسٹیشن کا نقشہ تبدیل، جدید سہولیات متعارف – Pakistan

پاکستان ریلوے نے کراچی کے تاریخی کینٹ اسٹیشن کی تزئین و آرائش مکمل کرتے ہوئے جدید سہولیات کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔ جہاں اَب مسافر خوب صورت لاؤنجز، فری وائی فائی سمیت کئی اہم سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔

اب اگر آپ کا کینٹ اسٹیشن جانا ہوا تو آپ کو کراچی کا یہ تاریخی ریلوے اسٹیشن ایک الگ ہی روپ میں نظر آئے گا۔

پاکستان ریلوے نے اس تاریخی اسٹیشن کو جدید سہولیات اور خوبصورت ماحول سے آراستہ کردیا ہے۔ اس اپگریڈیشن کا مقصد مسافروں کو زیادہ آرام دہ، صاف ستھرا اور معیاری سفری ماحول فراہم کرنا ہے۔



کینٹ اسٹیشن پر دو شاندار سی آئی پی لاؤنجز قائم کیے گئے ہیں، جہاں مسافر کے لیے انتظار کے لمحات گزارنے کے لیے نفیس فرنیچر، آرام دہ نشستیں اور دلکش سجاوٹ کی گئی ہے۔ تاہم یہاں ٹھہرنے کے لیے فیس رکھی گئی ہے۔

لاؤنجز کی کھڑکیوں کے سامنے موجود نشستوں سے آپ ٹرین کی آمد، روانگی اور پلیٹ فارم کا نظارہ کرسکتے ہیں۔

کینٹ اسٹیشن پر اب دو مفت اکانومی لاؤنجز بھی تیار کیے گئے ہیں، جن کا معیار بھی تقریباً سی آئی پی لاؤنجز کے قریب تر ہے۔

اکانومی لاؤنچ میں آپ آرام دہ فرنیچر سے تو محظوظ نہیں ہوسکیں گے البتہ باقی تمام سہولیات سی آئی پی لاؤنجز جیسی ہی ہیں۔

اس کے علاوہ اسٹیشن کو مزید جدت سے آراستہ کرنے کے لیے اب آپ برقی سیڑھیاں بھی استعمال کرسکیں گے۔ یعنی آپ کو اگر ایک پلیٹ فارم سے دوسرے پلیٹ فارم پر جانا ہے یا وزنی سامان پاس موجود ہے، تو آپ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اسکے علاوہ اب کینٹ اسٹیشن پر صاف ستھرے واش رومز بھی تیار کیے گئے ہیں۔ آپ کو سفر پر روانہ ہونا ہے، یا سفر سے واپس لوٹے ہیں تو آپ یہاں سے فریش ہو کر گھر یا منزل کی جانب روانہ ہوسکتے ہیں۔

اسکے علاوہ کینٹ اسٹیشن پر جدید ریلوے اسٹیشنز کی طرز پر اب مسافروں کے لیے فری وائی فائی اور ٹکٹ وینڈنگ مشینز کی سہولت بھی شروع کردی گئی ہے۔

بات یہیں ختم نہیں ہوتی، کینٹ اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر داخل ہوتے ہی ایک الگ انفارمیشن ڈیسک نظر آئے گا، جہاں سے آپ ٹرینوں کی آمد و رفت کے بارے میں معلومات اور ٹکٹ کے بارے تفصیلات جان سکیں گے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں کراچی کینٹ اسٹیشن کو زیادہ آرام دہ اور جدید ریلوے اسٹیشنز جیسا بنانےکی جانب ایک قدم ہے، جبکہ کینٹ اسٹیشن پر آنے والے مسافروں نے بھی اِن نئی سہولیات اور اپ گریڈیشن کو خوب سراہا ہے۔


Source link

Check Also

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا محفوظ فیصلہ جاری – Pakistan

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا محفوظ فیصلہ جاری – Pakistan

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *