پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پاکستان ٹریڈنگ کارپوریشن (ٹی سی پی) نے بنگلہ دیش کو چاول برآمد کرنے کے لیے ایک لاکھ ٹن چاول خریدنے کا ٹینڈر جاری کیا ہے، جس سے پاکستانی چاول کی برآمدات میں اضافہ متوقع ہے۔
پاکستان ٹریڈنگ کارپوریشن نے بنگلہ دیش کو ایک لاکھ ٹن چاول برآمد کرنے کے لیے ٹینڈر نوٹس جاری کیا ہے، جس کے تحت علیحدہ سربمہر بولیاں طلب کی گئی ہیں اور بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 نومبر مقرر کی گئی ہے۔
برآمد ہونے والا چاول ایری-6 لمبے دانے والا سفید چاول ہوگا جو کراچی بندرگاہوں سے بریک بلک کارگو کے طور پر بھیجا جائے گا۔
ٹینڈر نوٹس کے مطابق بولیاں کم از کم 25 ہزار ٹن اور زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ ٹن کے لیے ہوں گی اور قیمت کی پیشکشیں 21 ورکنگ دن تک قابل قبول رہیں گی۔
چاول شپمنٹ کے لیے 45 دن میں تیار ہونا لازمی ہوگا اور ٹینڈر میں شرط رکھی گئی ہے کہ چاول تازہ پاکستانی فصل سے ہو، انسانی استعمال کے قابل ہو اور اس میں کوئی ناگوار بو، پھپھوندی یا دیگر آلودگی نہ ہو۔
یہ اقدام پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستانی چاول کی عالمی مارکیٹ میں برآمدات بڑھانے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
Source link
The Republic News News for Everyone | News Aggregator