وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے نیپا چورنگی میں مین ہول میں گرنے سے 3 سالہ بچے ابراہیم کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر تمام متعلقہ افسران کو معطل کرنے اور چیف سیکرٹری سندھ کو آج ہی ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔
بدھ کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت نیپا چورنگی واقعے سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزرا، کے ایم سی، ٹاؤن انتظامیہ اور پولیس حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بچے کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس ہے، جس کی بھی کوتاہی ہے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ایک دوسرے پر ذمہ داری عائد کرنا افسوسناک ہے۔
ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ نے تمام متعلقہ افسران کو معطل کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ چیف سیکرٹری سندھ آج ہی ذمہ دار افسران کےخلاف کارروائی کریں۔
اجلاس میں نیپا چورنگی واقعے کی جامع تحقیقات اور ذمہ داری کے تعین کے لیے بھی احکامات دیے گئے۔
واضح رہے کہ اتوار کی رات کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب 3 سالہ ابراہیم نجی ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے باہر گٹر میں گر گیا تھا، بچے کی والدہ کی دردناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
اہلخانہ اور اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت مشینری بلاکر 3 سالہ ابراہیم کی تلاش شروع کی تھی تاہم پوری رات گزرنے کے باوجود بچہ نہیں مل سکا تھا، پیر کو واقعے کے 14 گھنٹے بعد مقامی نوجوان نے بچے کی لاش جائے حادثہ سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر نالے سے تلاش کرلی تھی۔
Source link
The Republic News News for Everyone | News Aggregator