فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس نے بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاک فوج ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے، بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں ملکی سلامتی، انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور علاقائی صورت حال سمیت مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کا آغاز بھارتی دہشت گرد پراکسیز کے حالیہ حملوں میں شہید ہونے والے جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں کے عزم، حوصلے اور قربانیوں کو سراہا اور حالیہ سیلابی صورت حال میں سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کی گئی امدادی و ریسکیو کارروائیوں میں فوج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فورم میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز، ابھرتے خطرات اور آپریشنل تیاریوں پر جامع غور و خوض کیا گیا۔ شرکا نے واضح کیا کہ دہشت گردی اور جرائم کے درمیان موجود گٹھ جوڑ اور اس کو حاصل سیاسی سرپرستی، جو ریاست اور عوام کے مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہے، کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے بھارتی سول و عسکری قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ فورم نے واضح کیا کہ بھارتی جنگی جنون اور غیر ضروری اشتعال انگیزی سے خطے میں امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
شرکا نے اتفاق کیا کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا تیز، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور کسی “فرضی نئے نارمل” کو پاکستان ایک نئے اور موثر جوابی نارمل سے توڑ دے گا۔
فورم نے بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس جیسے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں پاکستان کی حالیہ اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمیوں کو سراہا گیا اور عالمی و علاقائی امن کے لیے ملک کے عزم کو دہرایا گیا۔
فورم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے تاریخی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط اور مشترکہ دفاع و کثیرالنوعیت تعاون کو فروغ دے گا۔
شرکا نے کشمیر میں کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد اور فلسطین کے دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت کے عزم کو دہرایا۔ شرکا کا موقف تھا کہ فلسطین کے تنازعے کا حل فوری جنگ بندی اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں ہے، دو ریاستی حل 1967 سے قبل کے بارڈر اور القدس الشریف کی بطور فلسطین کے دارالحکومت خطے میں پائیدار حل میں پنہاں ہے۔
اپنے اختتامی کلمات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ آپریشنل تیاری، ڈسپلن، جسمانی فٹنس، اختراعات اور ردعمل کی صلاحیتوں کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنائیں۔
سید عاصم منیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان آرمی ہر قسم کے خطرات چاہے وہ روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ اور غیر متناسب ہی کیوں نہ ہوں، کا مؤثر اور بھرپور انداز میں مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
Source link
The Republic News News for Everyone | News Aggregator