پاک، افغان سرحد پر افغانستان کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا بھرپور جواب – Pakistan

پاک افغان بارڈر پر افغانستان کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی ہے، پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا ہے اور درجنوں افغان فوجی اور خارجی ہلاک ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، افغان فورسز نے ہفتے کے روز پاک افغان بارڈر کے مختلف مقامات پر جن میں انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال اور بارام چاہ (بلوچستان) شامل ہیں، بلا کسی جواز کے فائرنگ کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اشتعال انگیزی کا مقصد خوارج (کالعدم تنظیموں کے شدت پسندوں) کی تشکیلوں کو سرحد پار کروا کر پاکستان میں داخل کرنا تھا۔

پاک فوج نے فوری شدید رد عمل دیتے ہوئے متعدد افغانی پوسٹوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، پاکستان کی بروقت کارروائی سے افغانستان کی متعدد بارڈر پوسٹیں تباہ، درجنوں افغان فوجی اور خوارج ہلاک ہوگئے۔



سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ردعمل اتنا بھرپور اور مؤثر تھا کہ متعدد طالبان پوسٹیں خالی ہو گئیں اور طالبان متعدد لاشیں اور پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں لاشیں بکھری ہوئی ہیں، جبکہ درجنوں افغان اہلکار اور خارجی دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، پاک فوج نے کارروائی کے دوران افغان سرزمین پر واقع ان علاقوں کو بھی نشانہ بنایا جہاں داعش اور خوارج کے دہشت گرد گروپوں کے کیمپ قائم تھے۔ ان مقامات پر ماہرانہ اور ہدفی حملے کیے گئے، جن کے باعث دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

یہ جارحانہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی، جب افغانستان کے وزیر خارجہ بھارت کے سرکاری دورے پر موجود ہیں۔

سیکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ ممکنہ طور پر ایک منصوبہ بند اقدام تھا، جس کا مقصد نہ صرف پاکستان کو مشتعل کرنا بلکہ سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی کی راہ ہموار کرنا تھا۔

تازہ اطلاعات کے مطابق، سرحدی علاقوں میں شدید کشیدگی برقرار ہے اور پاک فوج مکمل الرٹ پر ہے۔ حساس علاقوں میں فوجی نقل و حرکت بڑھا دی گئی ہے اور پاکستانی دستے ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔


Source link

Check Also

شہزادہ محمد بن سلمان وائٹ ہاؤس پہنچ گئے، سعودی ولی عہد کا شاندار استقبال – World

شہزادہ محمد بن سلمان وائٹ ہاؤس پہنچ گئے، سعودی ولی عہد کا شاندار استقبال – World

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وائٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں، جہاں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *