امریکی اور چینی تجارتی نمائندوں کا تجارتی معاہدے کے فریم ورک پراتفاق – World

امریکا اور چین کے درمیان طویل عرصے سے جاری تجارتی مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی اقتصادی حکام نے اتوار کے روز کوالالمپور میں ایک نئے تجارتی معاہدے کے فریم ورک پر اتفاق کر لیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ دنوں میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے پُرامید ہیں۔

امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسینٹ اور تجارتی نمائندہ جیمیسن گریئر نے آسیان سمٹ کے موقع پر چینی نائب وزیراعظم ہی لیفینگ اور سینئر مذاکرات کار لی چنگ گانگ سے ملاقات کی۔ یہ مئی کے بعد سے فریقین کے درمیان ہونے والا پانچواں بالمشافہ دورِ مذاکرات تھا۔



بیسینٹ کے مطابق، معاہدے کے مجوزہ خاکے کے تحت چین اپنی نایاب معدنیات کے لائسنسنگ نظام کو ایک سال کے لیے موخر کرے گا، جب کہ امریکا چین پر 100 فیصد محصولات کے نفاذ سے اجتناب کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت سے تجارتی کشیدگی کم ہونے اور زرعی شعبے میں استحکام آنے کی توقع ہے۔

امریکی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ چین جلد امریکی سویابین کی خریداری دوبارہ شروع کرے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی توازن بہتر ہونے کی امید ہے۔

چینی مذاکرات کار لی چنگ گانگ نے تصدیق کی کہ دونوں فریقین ابتدائی اتفاقِ رائے تک پہنچ چکے ہیں۔ ان کے مطابق، “امریکی موقف سخت رہا، تاہم مذاکرات تعمیری ماحول میں ہوئے اور معاہدے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔”

ذرائع کے مطابق، مذاکرات میں زرعی تجارت، فینٹانائل کے بحران، ٹِک ٹاک، بندرگاہی فیس، اور نایاب معدنیات کی برآمدات جیسے امور پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

امریکی صدر ٹرمپ ان دنوں ایشیائی ممالک کے پانچ روزہ دورے پر ہیں اور توقع ہے کہ وہ 30 اکتوبر کو جنوبی کوریا میں صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے تاکہ معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک تجارتی جنگ میں شدت سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے پہلے نومبر سے چینی مصنوعات پر 100 فیصد نئے ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی، جس کا جواب چین نے نایاب معدنیات کی برآمدی پابندیوں کی صورت میں دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مئی میں طے پانے والی تجارتی جنگ بندی 10 نومبر کو ختم ہو رہی ہے، تاہم امکان ہے کہ اس میں مزید توسیع کر دی جائے گی۔

اگرچہ وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ اور شی کی آئندہ ملاقات کی تصدیق کر دی ہے، تاہم بیجنگ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔


Source link

Check Also

انڈے فریج میں رکھیں یا نہیں؟ محفوظ رکھنے کا صحیح طریقہ جانیے – Life & Style

انڈے فریج میں رکھیں یا نہیں؟ محفوظ رکھنے کا صحیح طریقہ جانیے – Life & Style

انڈے ہماری روزمرہ غذا کا ایک لازمی حصہ ہیں۔ ناشتے میں آملیٹ ہو یا بیکنگ …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *