پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 17 اور 18 نومبر کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے چار بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں خفیہ اطلاعات پر کی گئی کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا، جہاں فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک خارجی مارا گیا۔
اسی طرح شمالی وزیرستان کے علاقوں اسپین وام اور ذاکر خیل میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران دو مزید خوارج کو انجام تک پہنچا دیا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے ایک اور مقابلے کے نتیجے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ مارے گئے تمام خوارج بھارت کی سرپرستی میں کام کرتے تھے اور ان کا تعلق اُس نیٹ ورک سے تھا جو حالیہ عرصے میں باجوڑ، شمالی وزیرستان اور جنوبی خیبر پختونخوا میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔
ویژن “عزمِ استحکام”جو نیشنل ایکشن پلان کے تحت فیڈرل ایپیکس کمیٹی نے منظور کیا ہے کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے تمام غیر ملکی سرپرست دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
Source link
The Republic News News for Everyone | News Aggregator