صدر ٹرمپ کی دھمکی کے بعد کولمبیا نے امریکا میں تعینات اپنے سفیر کو واپس بلا لیا – World

کولمبیا نے امریکا میں تعینات اپنے سفیر کو فوری طور پر واپس بلا لیا ہے۔ یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کولمبیا پر نئی تجارتی پابندیاں عائد کرنے اور تمام مالی امداد بند کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق صدر ٹرمپ نے اتوار کو کولمبیا کے بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے صدر گستاوو پیٹرو کو براہ راست نشانہ بناتے ہوئے انہیں ”منشیات کا غیر قانونی لیڈر“ قرار دیا تھا، جس پر کولمبیا کی حکومت نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اِن الفاظ کو ”توہین آمیز“ قرار دیا ہے۔

کولمبیا کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ، ”کولمبیا کے امریکا میں سفیر ڈینیئل گارسیا-پینا کو صدر پیٹرو کی ہدایت پر مشاورت کے لیے واپس بلا لیا گیا ہے اور وہ اس وقت بوگوٹا میں موجود ہیں۔ آنے والے چند گھنٹوں میں حکومت مزید فیصلوں کا اعلان کرے گی۔“

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے الزامات کے بعد کولمبیا کی کرنسی پیر کے روز ابتدائی تجارتی سیشن میں 1.4 فیصد کمزور ہو کر تین ہزار 889 پیسوز فی امریکی ڈالر پر آ گئی ہے۔



کولمبیا کو اِس وقت امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات میں شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ کولمبین-امریکن چیمبر آف کامرس کے مطابق امریکا کولمبیا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔کولمبیا کی 35 فیصد برآمدات امریکا جاتی ہیں، جبکہ 70 فیصد درآمدات امریکا سے آتی ہیں، جن میں اکثریت ایسی اشیاء ہیں جو کولمبیا میں تیار نہیں ہوتیں۔

صدر ٹرمپ نے کولمبیا کے لیے مالی امداد بند کرنے کا اعلان بھی کیا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کس امداد کا حوالہ دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ کولمبیا ماضی میں یو ایس ایڈ (امریکی انسانی امدادی ادارے) کے تحت مغربی نصف کرہ میں سب سے زیادہ امداد حاصل کرنے والے ممالک میں شامل رہا ہے۔ تاہم رواں برس یہ امداد اچانک بند کر دی گئی تھی۔

کولمبیا کے صدر پیٹرو نے اتوار کے روز ایک اور امریکی حملے کی مذمت کی، جس میں تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پیٹرو نے کہا تھا کہ جس کشتی پر حملہ کیا گیا وہ کسی باغی گروپ کی نہیں بلکہ ایک عام اور غریب خاندان کی ملکیت تھی۔جبکہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیکسیٹھ نے دعویٰ کیا تھا کہ کشتی نیشنل لبریشن آرمی (ELN) سے منسلک تھی۔

صدر پیٹرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا:”مسٹر ٹرمپ، کولمبیا نے کبھی امریکا سے بدتمیزی نہیں کی، لیکن آپ کولمبیا کے ساتھ بدتمیز اور جاہلانہ رویہ اختیار کر رہے ہیں۔ چونکہ میں کاروباری نہیں ہوں، اس لیے میں منشیات فروش بھی نہیں ہو سکتا۔ میرے دل میں لالچ نہیں ہے۔“

کولمبیا کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ صدر پیٹرو اور کولمبیا کی خودمختاری کے لیے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔


Source link

Check Also

بھارت پاک افغان معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرسکتا ہے: خواجہ آصف – Pakistan

بھارت پاک افغان معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرسکتا ہے: خواجہ آصف – Pakistan

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ قطر اور ترکی کی ثالثی کی …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *