وزیراعظم شہباز شریف نے ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کے گھریلو کنکشنز کے اجرا کی تقریب میں شرکت کی اور ملک بھر میں گیس کنکشنز کے اجراء کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ آج پورا ہو گیا ہے۔ عوام کا یہ اہم تقاضا تھا کہ گیس کنکشنز کا اجرا کیا جائے اور آج پورے پاکستان میں آر ایل این جی کنکشنز دیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2022 میں جب پی ڈی ایم حکومت قائم ہوئی تو گیس کی فراہمی ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم حکومت نے قلیل مدت میں گیس کے انفرااسٹرکچر کی تعمیر اور بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مخلوط حکومت کی قیادت اور تمام اتحادی رہنماؤں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے عوامی فلاح کے اس منصوبے میں تعاون کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ گیس کا جال بچھانے کے لیے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور اس مقصد کے لیے فنڈز کا اجرا بھی مکمل ہو چکا ہے۔
انہوں نے ماضی کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2013 میں ملک میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے سے زیادہ تھا، مگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے عملی کام کیا۔
وزیر اعظم نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے توانائی کے شعبے میں مزید اقدامات جاری رکھے گی تاکہ ہر گھر تک گیس کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
Source link
The Republic News News for Everyone | News Aggregator