دنیا بھر کی ایئر لائنز نے ہفتے کے اختتام سے قبل بڑے پیمانے پر اپنی پروازیں منسوخ کردیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ گزشتہ ماہ 30 اکتوبر کو امریکی طیارے جیٹ بلیو کی دورانِ پرواز رفتار میں کمی واقع ہوگئی تھی جس کے باعث وہ نیچے کی جانب آتا چلا گیا۔ اس کے علاوہ ایک وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والے مسافر طیارے کے سافٹ ویئر کا کردار بھی شامل ہو سکتا ہے۔
اس حوالے سے یورپ کی ایوی ایشن کمپنی ایئربس نے جمعے کو بتایا کہ جیٹ بلیو کے اس واقعے کی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ شدید شمسی تابکاری A320 فیملی کے طیاروں کے فلائٹ کنٹرول سسٹم کے لیے اہم ڈیٹا کو خراب کر سکتی ہے۔
یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (EASA) نے A320 چلانے والی ایئر لائنز کے لیے ایک ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے مسئلے کے حل کو لازمی قرار دیا ہے۔
ایجنسی نے خبردار کیا کہ اس کے باعث پروازوں کے شیڈول میں عارضی خلل پڑ سکتا ہے۔ ادارے کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ طیارے کے آن بورڈ کمپیوٹرز کے حالیہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے سامنے آیا تھا۔
بھارتی طیارہ ’تیجس‘ تباہ کیوں ہوا؟ وجہ سامنے آگئی
یہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹ اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکا میں تھینکس گیونگ کی چھٹیوں کے بعد مسافر واپس گھروں کو لوٹ رہے ہیں جو ملک کا سب سے مصروف سفری دورانیہ کہلاتا ہے۔
جاپان میں آل نپون ایئرویز جو A320 سیریز کے 30 سے زائد طیارے چلاتی ہے، نے ہفتے کے روز 65 ملکی پروازیں منسوخ کی ہیں۔
امریکن ایئرلائنز کے پاس A320 فیملی کے تقریباً 480 طیارے ہیں جن میں سے 209 متاثر ہیں۔ ایئر لائن کا کہنا ہے کہ زیادہ تر طیاروں میں خرابی کا حل تقریباً دو گھنٹے میں مکمل ہو جائے گا، اور جمعے تک ان کی بڑی تعداد پر کام مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ چند طیارے ہفتے کو اپ ڈیٹ کیے جائیں گے۔
کمپنی نے تاخیر کے خدشے کا اظہار کیا، تاہم یہ بھی کہا کہ پروازوں کی منسوخی کم سے کم رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس نے واضح کیا کہ مسافروں کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔
ڈیلٹا ایئرلائن نے کہا کہ یہ مسئلہ اس کے 50 سے کم A321neo طیاروں کو متاثر کرے گا۔
یونائیٹڈ ایئر لائنز کے مطابق اس کے بیڑے کے چھ طیارے متاثر ہیں اور صرف معمولی نوعیت کی تاخیر متوقع ہے۔ جبکہ ہوائیئن ایئرلائنز نے بتایا کہ اس کی پروازیں متاثر نہیں ہوں گی۔
جرمن ایئر لائن کا کہنا ہے کہ اس کے بیڑے میں شامل کچھ طیاروں پر مرمت کے لیے کئی گھنٹے درکار ہوں گے، جس کے نتیجے میں ہفتے کے آخر میں چند پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو سکتی ہیں۔
کولمبیا کی ایویانکا نے کہا ہے کہ اس کے بیڑے کا 70 فیصد سے زیادہ حصہ اس ری کال سے متاثر ہوا ہے، جس کے باعث آئندہ 10 دنوں میں نمایاں آپریشنل خلل متوقع ہے۔ ایئر لائن نے 8 دسمبر تک سفر کی نئی ٹکٹوں کی فروخت روک دی ہے۔
برٹش ایئرویز کے مطابق اس کے مختصر فاصلے کی پروازوں میں استعمال ہونے والے تین A320 طیارے متاثر ہیں، تاہم ایئر لائن کوئی آپریشنل اثرات متوقع نہیں سمجھتی۔
ایئر فرانس نے جمعہ کے روز ایئربس کی ہدایات کے بعد 35 پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
ایئر نیوزی لینڈ کے مطابق اس کے تمام A320neo طیاروں میں اگلی پرواز سے قبل سافٹ ویئر اپڈیٹ کیا جائے گا، جس کی وجہ سے ہفتہ کے دن متعدد پروازیں متاثر ہوں گی اور ایئر لائن کو کچھ سروسز منسوخ کرنا پڑ سکتی ہیں۔
ایروڈائنامک ایڈوائزری کے ہوابازی کے ماہر مائیک اسٹینگل نے کہا کہ یہ مسئلہ پروازوں کے درمیان یا رات کے وقت روٹین چیکنگ کے دوران حل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ، یقیناً یہ انتہائی مصروف چھٹیوں کے ہفتے میں ایک عام استعمال ہونے والے طیارے کے ساتھ پیش آنے والی صورتِ حال ہے، جو اچھی نہیں۔ تاہم مثبت پہلو یہ ہے کہ سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کرنے میں صرف چند گھنٹے لگتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 30 اکتوبر کے واقعے میں کم از کم 15 جیٹ بلیو مسافر زخمی ہوئے تھے اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ یہ پرواز میکسیکو کے کینکون سے نیوارک، نیو جرسی جا رہی تھی مگر ہنگامی طور پر ٹیمپا، فلوریڈا اتارنی پڑی تھی۔
Source link
The Republic News News for Everyone | News Aggregator
